حیدرآباد: تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد کے علاقے گولکنڈہ میں واقع نیا قلعہ باغ میں قطب شاہی دور کے چھوتھے بادشاہ ابرہیم قلی قطب شاہ کے درباری شاعر ملا خیالی نے 1554 میں ایک مسجد تعمیر کروائی تھی۔ اس مسجد کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ 20 فٹ اونچے چبوترے اور 21 کمانوں پر بنی ہوئی ہے۔ مسجد ملا خیالی ایرانی طرز پر تعمیر کا نمونہ ہے۔ یہ مسجد 3 کمان کی ہے۔ اس کے اوپری حصے میں صحن ہے جہاں بیک وقت 100 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ کئی برسوں سے یہ مسجد ویران ہے۔ یہاں عوام کا داخلہ بند ہے جب کہ مسجد کے صحن میں بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ Mulla Khayali Mosque Deserted
مقامی سماجی کارکن محمد افضل نے کہا کہ انہوں نے مسجد ملا خیالی کو مکمل طور پر اپنے ذمہ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 12 برسوں سے مسجد بند ہے، مسجد کے اندرونی حصے میں تعمیراتی اشیا رکھی جارہی ہیں جو غیر قانونی ہے۔ محمد افضل نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے اس تاریخی ورثے کو حیدرآباد گولف اسوسی ایشن کے حوالے کر دیا۔ انہوں نے محکمہ آثار قدیمہ اور حکومت تلنگانہ سے اپیل کی کہ حکومت مسجد ملا خیالی اور دیگر تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے اور مسجد ملا خیالی کو نمازیوں اور سیاحوں کے لیے کھولی جائے۔ محمد افضل نے کہا کہ اس کی ذمہ داری محکمہ آثار قدیمہ کی ہے لیکن وہ اس کی دیکھ بھال نہیں کررہا ہے اور نہ ہی مقامی تنظیموں کو اس کی فکر ہے۔ Ibrahim Quli Qutb Shah Era