حیدرآباد سے شائع ہونے والے ایک نامور انگریزی روزنامہ نے ’دنیا کو میکرون کی پیروی کرنی چاہئے‘ کے موضوع پر اداریہ شائع کیا تھا۔ اس مضمون میں انسانی حقوق اور رواداری کی آڑ میں گستاخانہ خاکوں کی حمایت کی گئی ہے اور صدر فرانس کے مخالف اسلام بیان کی تائید بھی کی گئی۔
انگریزی روزنامہ میں متنازعہ مضمون کی اشاعت کے بعد تلنگانہ کے مسلمانوں نے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر اس انگریزی روزنامہ کے خلاف مہم جاری ہے جبکہ متعدد مسلم اسکالرز نے انگریزی روزنامہ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
مسلم اسکالرز کے مطابق انگریزی روزنامہ کی جانب سے متعدد بار مخالف اسلام مضامین شائع ہوچکے ہیں۔
سیرت النبی اکیڈی کے صدر مولانا علی قادری نے اس روزنامہ کے اداریہ پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کے زہر گھولنے والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ انہوں نے روزنامہ سے اداریہ کے خلاف معافی نامہ شائع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
صدر تحریک مسلم شبان، مشتاق ملک نے مسلم روزنامہ میں شائع مضمون کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور فوری طور پر معافی نامہ شائع کرنے کا مطالبہ کیا۔
مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے بھی مقامی روزنامہ کی حرکت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور ٹوئٹ کرکے کہا کہ اس روزانہ کو نفرت کے بیچ بونے کا حصہ نہیں بننا چاہئے‘۔