حیدرآباد کے بی جے پی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے مسلمانوں کو ملک سے باہر بھیجنے یا ڈیٹینشن سنٹرس میں رکھے جانے کی تردید کی اور کہا کہ حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے ملک کا آئین ہی سب سے اہم ہے اور ہم دستور ہند کے پابند ہیں۔
مرکزی وزیر نے کانگریس اور مجلس اتحادلمسلمین پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے یہ جماعتیں مذہب کے نام پر عوام میں تفریق پیدا کررہی ہیں۔
آسام اور کرناٹک میں موجود ڈیٹینشن سنٹرس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کشن ریڈی نے کانگریس پر اس کی تعمیر کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنٹرس کانگریس کے دور اقتدار میں اقوام متحدہ کے احکام پر تعمیر کیا گیا تھا اور ان سنٹرس میں ان غیر ملکی افراد کو رکھا جائے جن کے ویزا اور پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی وہ ہندوستان میں مقیم ہیں۔
کشن ریڈی نے کہا کہ این پی آر اور مردم شماری دونوں مختلف نہیں ہیں یہ عوام تک سرکاری اسکیمات پہنچانے کے لیے کیا جانے والا عمل ہے جس کا سب کو تعاون کرنا چاہئے۔