حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات میں 221 خاتون امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں بی آرایس، کانگریس، بی جے پی جناسینا اور سی پی ایم کے بشمول 36 خواتین مقابلہ کررہی ہیں۔ بی ایس پی کی جانب سے 9 اور خواتین میدان میں ہیں۔یگر بقیہ آزاد امیدوار ہیں۔ جو بڑی جماعتیں قانون سازاداروں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کا دعویٰ کر رہی ہیں، ان میں سے کسی نے بھی خواتین کو کم از کم نصف نشستیں الاٹ نہیں کیں۔
بی جے پی نے سب سے زیادہ 13 خواتین کو سیٹیں دی ہیں۔ جناسینا، جس کا اس پارٹی کے ساتھ اتحاد ہے، نے ایک خاتون کو کھڑا کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے 12 اور حکمراں بی آرایس نے 8 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔ ان انتخابات میں جملہ 2,290 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 2,068 مرد اور ایک زنخہ ہے۔ 2018 کے انتخابات میں 140 خواتین نے حصہ لیاتھا۔ اس مرتبہ تقریباً 81 زائد خواتین حصہ لے رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس نے انتخابی منشور جاری کیا
واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان تین دسمبر کو کیا جائے گا۔ انتخابات کے پیش نظر ریاست میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ تلنگانہ میں حکمراں پارٹی بی آر ایس، بی جے پی اور کانگریس تینوں ہی پارٹیاں انتہائی سرگرم ہیں۔ اور یہ تینوں پارٹیاں انتخابات میں کامیابی کا دعوی کررہی ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس بی آر ایس حکومت پر بدعنوانی اور دیگر الزامات عائد کررہے ہیں۔
یو این آئی