ڈاکٹر وی تھروینگاڈم کا گذشتہ روز سدن ریلوے ہسپتال میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 70 برس کے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
ہمدرد ڈاکٹر کا وی کلیان پورم میں کلینک تھا جو معاشرے کے تمام طبقات کےلیے کھلا تھا۔ گورنمنٹ اسٹینلی میڈیکل کالج کے سابق طالب علم ڈاکٹر وی تھروینگاڈم نے 2017 میں ریلیز ہوئی تمل فلم ’مرسل‘ سے شہرت حاصل کی تھی جس میں ہیرو نے ’پانچ روپئے کے ڈاکٹر‘ کا رول ادا کیا تھا۔
ڈاکٹر وی تھروینگاڈم نے چینائی کے محلہ ویسارپاڈی میں پسماندہ طبقات کی طبی خدمات کے مقصد سے کلینک کھولا تھا جبکہ انہوں نے آخری سانس تک لوگوں کی خدمت انجام دیتے رہے۔
واضح رہے کہ مدراس میڈیکل کالج میں پریکٹس کرتے ہوئے انہوں نے جذام کے مریضوں کا علاج کرنے کےلے آگے آئے جبکہ وسائل کی عدم دستیابی اور احتیاطی نقطہ نظر سے اکثر ڈاکٹر ایسا کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔
انہوں نے 1973 میں مریضوں کے علاج کےلیے صرف دو روپئے وصول کیا کرتے تھے تاہم بعد میں مریضوں کے بے حد اصرار پر انہوں نے فیس کو پانچ روپئے کردیا۔
وزیراعلیٰ اڈاپڈی کے پلانی سوامی، ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن، تلنگانہ کی گورنر تملاسائی سوندرا راجن اور دیگر شخصیات نے بھی ڈاکٹر وی تھروینگاڈم کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔