سرینگر (جموں و کشمیر): ایک اہم پیش رفت میں پریس کونسل آف انڈیا (پی سی آئی) کی تین رکنی ٹیم سرینگر پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد یہ ان کا کشمیر کا تیسرا دورہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر کی شام کو، ڈاکٹر خادم اتھوبا میتی، پرسنا کمار موہنتی اور جے شنکر گپتا پر مشتمل ایک ٹیم سرینگر پہنچی۔ وہ مختلف پروازوں اور مختلف مقامات سے آئے ہیں اور توقع ہے کہ وہ آج جموں و کشمیر انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور آج شام راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد سے پی سی آئی کا کشمیر کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ 14 مارچ 2020 کو بلوندر سنگھ، کمل نین نارنگ اور سید رضا حسین رضوی پر مشتمل پی سی آئی کی ایک ٹیم نے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز سرینگر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ایڈیٹرز، فوٹو جرنلسٹ سمیت میڈیا کے مختلف وفود کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی تھی۔
انہوں نے میڈیا کے مجموعی منظر نامے اور روزانہ کی بنیاد پر اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی ان سے رائے طلب کی تھی۔ ٹیم نے 10 اگست 2019 کو میڈیا برادری کی سہولت کے لیے محکمہ کی طرف سے قائم کیے گئے میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کا معائنہ کیا۔ انہیں محکمے کے افسران نے ایم ایف سی کے کام کرنے اور میڈیا برادری کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ پھر 14 اکتوبر 2021 کو پی سی ائی کی دوسری ٹیم جس میں پرکاش دوبے، گربیر سنگھ اور ڈاکٹر سمن گپتا بطور ممبر تھے، نے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران میڈیا سے خصوصی بات چیت کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ دورہ اس وقت ہوا جب کشمیر میں مقیم ایک صحافی عرفان مہراج کو گذشتہ رات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا۔ این آئی اے نے یواے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں دہلی لے گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : NIA Arrests Journalist in Srinagar کشمیری صحافی عرفان معراج گرفتار