سرینگر: گو ائیر کے مالیاتی بحران کی وجہ سے فضائی کرایہ آسمان کو چھو رہا ہے۔ سرینگر سے دہلی ہوائی ٹکٹ کی قیمت 26 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو دیگر ایشیائی ممالک کے نسبت بہت زیادہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق گو ائیر کے مالیاتی بحران کی وجہ سے فضائی کرایہ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس وجہ سے متعدد سیاحوں نے اب بکنگ بھی منسوخ کی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سرینگر سے دہلی ہوائی ٹکٹ کی قیمت 26 ہزار ہے جس وجہ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیاحتی شعبے سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس حوالے سے فوری مداخلت کرنی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اس وقت سیاحتی سیزن پورے جوبن پر ہے اور اس دوران فضائی کرایہ میں اضافہ کی وجہ سے اس پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: GoAir بحران سے متاثرہ گوایئر نے دیوالیہ پن کے قانون کا سہارا لیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی سیاحوں نے کرائیوں میں اضافہ کے پیش نظر کشمیر کے بجائے دوسری ریاستوں کی سیر و تفریح پر جانے کا پروگرام بنایا۔ دریں اثنا وادی کی سیر و تفریح پر آئے سیاحوں نے بتایا کہ کرائیوں میں اچانک اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ سیاحوں نے کہا کہ اس سے یہاں کے سیاحتی سیزن پر اثر پڑ سکتا ہے لہذا انتظامیہ کو اس میں فوری مداخلت کرنی چاہئے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں اس وقت سیاحوں کی آمدورفت جاری ہے۔ لیکن ہوائی ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے سیاح کشمیر کے بجائے دیگر ریاستوں کا رخ کر رہے ہیں۔
یو این آئی