سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع جموں ؤ کشمیر کا واحد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈراپ گیٹ پر مسافروں کے سامان کی جانچ پڑتال میں لگنے والے وقت کو کم کرنے کے لئے شیخ العالمؒ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حکام نے سامان کی تلاشی کے لیے مزید تین ایکسرے مشینیں نصب کی ہیں، جن سے اب مسافروں کو ڈراپ گیٹ پر قطاروں میں یا پھر سامان کی جانچ پڑتال میں وقت ضائع نہیں ہوگا۔
ڈائریکٹر ایئرپورٹ جاوید احمد نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ یہاں ایئرپورٹ کے ڈراپ گیٹ پر ہم نے نئے 3 اضافی ایکسرے مشینیں اور اس سے متعلقہ بنیادی ڈھانچے کو نصب کئے ہیں تاکہ ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کا کم سے کم وقت میں اپنا لگیج سیکورٹی چیک سے پاس کروانے میں صرف ہو۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ "اب ہمارے پاس 10 ایکس رے مشینیں ہیں، جو سامان اور مسافر گاڑیوں کو تیزی سے چیک کرنے میں مدد کریں گی۔" اس کے ساتھ ہی ڈراپ گیٹ سے پہلے قطاروں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت تیز ہوگی اور پروسیسنگ کا وقت کافی کم ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں: سرینگر ایئر پورٹ پر مفت ای رکشہ سروس متعارف
انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا خواہش کرتی ہے کہ ہمارے معزز مسافروں کو سری نگر ہوائی اڈے کے داخلی دروازے پر ایک ہموار اور دوستانہ تجربہ ہو۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شیخ العالم بین الاقوامی ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کی اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ ایئرپورٹ کے ڈراپ گیٹ پر سیکورٹی چیک اپ کے دوران بہت زیادہ وقت ضائع ہوتا ہے اور فلائٹ ٹیک آف وقت سے پہلے تین سے چار گھنٹے یہاں پہنچنا پڑتا ہے۔ کیونکہ مسافروں کو ایکسرے سے اپنے سامان کو سیکورٹی چیک کروانا پڑتا ہے۔ چونکہ یہ ایئرپورٹ فوجی اور دفاعی وجوہات کی بنا پر حساس ہے۔