وادی کشمیر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ہی صوبائی انتظامیہ نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنرں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکولوں میں بچوں اور اساتذہ کے لئے ریپڈ کورونا ٹیسٹنگ سہولیات بہم رکھی جائیں تاکہ کورونا وائرس کی وبائی بیماری کو بچوں اور اساتذہ میں پھیلنے سے روکا جاسکے۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم مارچ سے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی گائیڈ لائنز کے تحت وادی کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ وہیں نویں سے لے کر بارہویں جماعت کے طلبا کے لئے کلاسز بھی شروع ہو چکے ہیں۔ اس بیچ اب 8 مارچ سے اول سے لے کر آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے لئے اسکول کھل رہے ہیں جس کے چلتے اسکولوں میں کورونا کے بچاؤ کی خاطر وضع کیے گئے تمام کووڈ رہنمایانہ خطوط کو بہتر طور عملانے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کووڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفکٹ سے ہٹے گی وزیر اعظم کی تصویر
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں کالجوں کے بعد یکم مارچ سے ہائی تا ہائر سیکنڈری سطح کے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ وہیں اب رواں ماہ کی 8 تاریخ سے پرائمری تا مڈل سطح کے اسکول بھی درس و تدریس کے لئے کھل رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بڈگام میں گزشتہ روز اُس وقت ضلع انتظامیہ نے ہائر سیکنڈری اسکول کھاگ کو پانچ روز تک بند رکھنے کا حکمنامہ صادر کیا جب اسکول کے ایک اُستاد کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔ اس سے قبل سرینگر کے ایک اسکول میں کورونا کے پانچ نمونے مثبت آنے کے بعد اسکول کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں؛ خصوصی رپورٹ: کسانوں کے احتجاج کو 100 دن مکمل
اسکولوں میں کورونا مثبت کیسز سامنے آنے سے عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔