تقریبا ایک مہینے کے بعد جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے صارفین کے لئے آن لائن بلنگ خدمات بحال کر دی ہیں اور آج سے تمام صارفین انٹرنیٹ کی مدد سے اپنا بل ادا کر سکتے ہیں۔ گزشتہ مہینے کی چوبیس تاریخ کو محکمہ بجلی کے چار سرور مالویئر کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
بجلی محکمہ کے چیف انجینئر اعجاز ڈار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "گزشتہ روز ہمیں بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب ہماری تکنیکی ٹیم نے چاروں سرورز کو دوبارہ سے بحال کر دیا۔ اب صارفین آن لائن پلیٹ فارم سے اپنا بل جمع کر سکتے ہیں۔ ہمارا بل سہولت ایپلیکیشن اور ویب سائٹ دونوں بحال ہو چکے ہیں اور آج سے سب کچھ ٹھیک سے چلنے کی اُمید ہے۔"
ان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ مہینے ایک مالویئر حملے کے بعد محکمہ صارفین ماہانہ بل جنریٹ کرنے سے قاصر تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ ہمارے باقی سرورز پر کام بدستور جاری تھا لیکن ان چاروں کے بند ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا تھا۔ دباؤ کی وجہ سے ماہانہ بل جنریشن میں تاخیر ہو رہی تھی۔"
یہ بھی پڑھیں: محکمہ پی ڈی ڈی پر سائبر حملہ، تمام ادارے اَلرٹ پر
ان کا مزید کہنا ہے تھا کہ "سرور ٹھیک ہونے کے بعد ہم نے دو لاکھ سے زائد صارفین کا ڈاٹا دوبارہ سسٹم میں ڈال دیا ہے۔ اب کسی بھی قسم کی مشکلات انہیں پیش نہیں آئے گی۔"
سرور بحال کیسے ہوئے اور اس تعلق سے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ "ہماری تکنیکی ٹیم نے رات دن محنت کر کے تمام سرور دوبارہ بحال کیے ہیں۔ ریویو مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد سکیورٹی سسٹم میں بھی مزید بہتری لائی گئی ہے۔ باقی پولیس اپنی کارروائی کر رہی ہے۔ اس کے پیچھے کون تھے کہاں کے رہنے والے تھے وہ سب پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی پتہ چل سکتا ہے۔"