سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر چٹانیں گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغل روڈ پراتوار کے روز رتا چھمپ کے نزدیک چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ کو کھولنے کے لیے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے، تاہم ٹریفک کو بحال کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ دریں اثنا وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
مزید پڑھیں: Jammu vegetable price hike: جموں میں سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، عوام پریشان
جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے مطابق کہ تاریخی مغل روڈ پر بڑی چٹانیں کھسک آئی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملبے کو صاف کرنے تک قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں۔ مغل روڈ کو قابل آمد ورفت بنانے کے لئے کام بڑے پیمانے پر جاری ہے اور متعلقہ حکام کے مطابق اس کو بہت جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قومی شاہراہ اور مغل روڈ پر مسافروں کو آئے دن گوناں گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یو این آئی