ریاست پنجاب کے ضلع سنگرور کے ایک نجی کالج میں گزشتہ شب ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد کشمیری طلبہ کی مارپیٹ کیے جانے کے واقعے کی محبوبہ مفتی نے سخت مذمت کی۔
ٹیوٹر پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا: ’’پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر کشمیریوں کے خلاف اتنا غصہ کیوں؟ بعض (حملہ آور) قاتلانہ اور اشتعال انگیز نعرے بھی لگا رہے تھے- دیش کے غداروں کو گولی مارو۔ کوئی نہیں بھولا ہے کہ جب جموں و کشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے خصوصی درجہ (دفعہ 370) چھین لیا گیا تھا، تب کتنے لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے جشن منایا تھا۔‘‘
محبوبہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’’وِراٹ کوہلی کی طرح صحیح جذبہ سیکھنا چاہیے، جنہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سب سے پہلے مبارکباد دی۔‘‘
مزید پڑھیں: پنجاب: بھارت اور پاکستان میچ کے بعد کشمیری طلبہ کے ساتھ مارپیٹ
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ شام پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوینٹی عالمی کپ کرکٹ میچ میں دس وکٹوں سے شکست دی، جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں سے سماجی رابطہ گاہوں پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں لوگ پاکستان کی جیت پر جشن منا رہے ہیں۔