تائیکوانڈو مارشل آرٹ کی ذیلی شاخ، کیروگی کی کھلاڑی، آفرین حیدر نے مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے لیے (کیوروگی مقابلے میں) پہلی مرتبہ سینئر سلور میڈل حاصل کر کے ایک بار پھر اپنی قابلیت کا ثبوت دیا ہے۔ آفرین نے 39 ویں قومی سینئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کی۔ یہ چمپئن شپ 9 سے 11 ستمبر تک گوہاٹی (آسام) میں منعقد ہوئی۔ آل آسام تائیکوانڈو ایسوسی ایشن نے اس چیمپئن شپ کا انعقاد تائیکوانڈو فیڈریشن آف انڈیا کے اشتراک سے کیا تھا۔ تائیکوانڈو چمپئن شپ کی منظوری مرکزی وزارت برائے امور نوجوان و کھیل نے دی تھی۔
چمپئن شپ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے داد تحسین وصول کی۔ آفرین حیدر نے اپنے حریفوں کے خلاف زبردست کھل کا مظاہرہ کیا اور مقابلے میں سیلور میڈل حاصل کیا۔ آفرین حیدر نے پہلے میچ میں راجستھان کو 5-0 اور 9-8 کے اسکور سے، دوسرے میچ میں سِکم کو 13-01 اور 15-01 کے اسکور سے، تیسرے میچ میں منی پور کو 7-0 اور 02-01 کے اسکور سے، مدھیہ پردیش کو اپنے چوتھے میچ میں 02-01 اور 03-01 کے اسکور سے شکست دی تاہم چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں وہ کیرالہ سے ہار گئیں۔
مزید پڑھیں: Test Cricket in Kashmir: حکومتی تعاون کے بغیر کشمیر میں ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز
نیشنل سینئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں آفرین حیدر کی بہترین پرفارمنس پر وادی کشمیر کے بیشتر کھیل شائقین اور کھلاڑیوں نے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کے لیے آفرین کو مزید مشق کرنے کا مشورہ دیا۔ ادھر، کھیل شائقین کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں میں پنہاں صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے نہ صرف کھیل مقابلوں کے انعقاد میں اضافہ کی ضرورت ہے بلکہ اس ضمن میں ایک منظم لائحہ عمل مرتب کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔