مالی سال 2020-21 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران جموں کشمیر بینک نے کووڈ-19 وبائی بیماری کے چلینجوں کے باوجود 315.75 کروڑ روپے کا منافع درج کیا ہے، جس سے بینک کے پورے سال کا منافع 432.12 کروڑ پہنچ گیا ہے۔ یہ ایک سنگ میل مانا جا رہا ہے کیونکہ مالی سال 2013-14 کے بعد ابھی تک کا یہ سب سے زیادہ سہ ماہی منافع ہے۔
اس ضمن میں جموں و کشمیر کے کارپوریٹ ہیڈ کواٹر میں منعقدہ ایک میٹنگ میں بینک کے بورڈ آف ڈائیریکٹرز نے نتائج اور منظوری کے بعد چوتھی سہ ماہی اور مالی سال 2020-21 کے سالانہ نتائخ کا اعلان کیا۔
جموں وکشمیر بینک کا منافع پانچ گنا اضافے کے ساتھ 315.75 کروڑ تک جا پہنچا ہے جو مالی سال20-21 کے تیسرے سہ ماہی میں 65.94 کروڑ روپے تھا۔ بینک کی آمدنی 6 فیصد بڑھ کر 4489.77 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
ملک بھر میں معاشی سست رفتاری کے باوجود جموں وکشمیر بینک کے ایڈوانس اور ڈیپازٹس میں بالترتیب 15.7 فیصد اور 10.5 کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ لداخ یوٹی میں ایڈوانس میں 5.9 اور ڈیپازٹس میں 29.4 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔