منگل کے روز کشمیر میں ہلکی دھوپ نکلی تھی تاہم رات میں تقریباً ساڑھے بارہ بجے برف باری کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا۔
برف باری کی وجہ سے وادی کا بیرون دنیا سے زمینی و فضائی رابطے ایک بار پھر منقطع ہوگئے۔ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک اور بارہمولہ تا بانہال ریل خدمات معطل رہیں۔
اس سے قبل ایئرپورٹ ذرائع نے کہا: 'منگل کو موسم میں بہتری آنے کے بعد فضائی ٹریفک کو دوپہر کے وقت بحال کیا گیا تھا۔ لیکن بدھ کو برف باری کا سلسلہ جاری رہنے اور کم روشنی کے سبب سبھی آنے اور جانے والی پروازوں کو معطل کرنا پڑا'۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت آج بھی معطل ہے۔ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے شاہراہ پر کئی مقامات پر پتھر اور مٹی کے تودے گر آئے ہیں۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری اور تودوں کا مبلہ ہٹائے جانے کے بعد شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی تاہم پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی اپنی اپنی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی'۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں برف و باراں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس کے بعد اگرچہ موسم قریب ایک ہفتے تک مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم اس دوران کہیں کہیں پر برف یا باراں ہوسکتی ہے۔