اس ضمن میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عازم متو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'سرینگر میونسپل احاطے میں آنے والے تمام تعلیمی ادارے، کوچنگ سنٹرز، سپورٹس کلبز اور کھیل کود کے میدان اگلے حکم تک بند رکھے جائیں گے'۔
قبل ازیں، بدھ کی صبح کو کشمیر کے صوبائی کمشنر بصیر خان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا تھا کہ وادی میں تمام آنگن واڑی سینٹرز کو اگلے فیصلے تک بند رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورنا وائرس کے خدشات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ ایک احتیاطی تدبیر ہے۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ کی جانکاری کے مطابق 705 افراد کو کورونا وائرس کے خدشات لاحق ہونے کے بعد ڈاکٹروں کی زیر نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں چھ اضلاع میں پرائمری اسکول 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جموں و کشمیر میں انتظامیہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایک شخص کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہے۔