وادی کشمیر کے معروف پلمونالوجسٹ اور سی ڈی ہسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کہا ہے کہ میکور مائکوسس یعنی بلیک فنگس کا کوئی بھی معاملہ وادی کشمیر میں موجود نہیں ہے لوگوں کو خوف زدہ ہونے یا گبھرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا بلیک فنگس بنیادی طور ان افراد کو زیادہ متاثر کرتا ہے جو کہ کورونا وائرس کے ساتھ دیگر امراض میں مبتلا ہوں جیسے کہ زیابطیس، سرطان یا ایڈس وغیرہ یا وہ افراد اس بیماری کی زد میں زیادہ آ سکتے ہیں۔ جن کا مدافعتی نظام انتہائی کمزور ہو۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بلیک فنگس قابل علاج بیماری ہے بشرطیکہ وقت پر علاج جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بلیک فنگس: ڈاکٹر سائمہ تبسم سے خاص بات چیت
ڈاکٹر نوید نذیر نے کہا یہ انفیکشن پورے جسم میں تیزی سے پھیلتا ہے اور اگر وقت رہتے علاج نہ کیا جائے تو یہ انفیکشن پھیپڑوں یا دماغ میں بھی پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے لوگوں کو مشورے دیتے ہوئے کہا کہ زیابطیس کے مریضوں کا اپنا بلڈ شوگر قابو میں رکھنے کے علاوہ اپنا قوت مدافعت بڑھانا چاہیے اور بغیر ڈاکٹر کی صلاح از خود کسی بھی قسم کی دوائی نہیں لینی چاہیے۔
واضح رہے جموں میں میکور مائیکوسس یا بلیک فنگس سے آج ایک موت ہوئی ہے۔