پولیس پریمیئر لیگ - پلے فار پیس - کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ چھترہامہ نائٹس اور گولڈن برانڈز کے مابین سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
میچ میں چھترہامہ نائٹس نے شاندار کھیل کے مظاہرہ کرتے ہوئے جیت درج کی۔ چھترہامہ نائٹس کہ بلے باز طارق احمد کو مین آف دی میچ اور ہاشم واٹسن کو مین آف سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
لیگ کا افتتاح جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رواں مہینے کی 20 تاریخ کو کیا تھا اور اس لیگ میں سری نگر کی 16 ٹیموں نے شرکت کی۔
میچ کے دوران جہاں کھلاڑیوں اور شائقین میں کافی عرصے کے بعد جوش دکھائی دیا وہیں کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ایسے ٹورنامنٹ وادی میں لگاتار ہونے چاہئے جس سے کھیل کو فروغ ملے گا اور یہاں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر پائیں گے۔
وہیں سری نگر کے ایس ایس پی ڈاکٹر حسیب مغل کا کہنا تھا کہ ’’جموں و کشمیر پولیس کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ آئندہ دنوں میں بھی ایسے ہی ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے۔ آئندہ اتوار کو سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کئی کھلاڑیوں نے دلچسپی دکھائی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور کھلاڑی کھیل کے ذریعے امن کا پیغام دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں۔
جموں کشمیر پولیس کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’کافی عرصے کے بعد کھلاڑیوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنے کو ملی جو خوش آئند بات ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے چلتے لوگ مایوس تھے، احتیاط برت رہے تھے تاہم اب کھیل سرگرمیاں دوبارہ مرحلہ وار شروع ہو چکی ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ آئندہ دنوں میں تقریبا چھ ٹورنامنٹس جموں کشمیر میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نوجوانوں کو اور کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور آئندہ دنوں میں بھی ایسی سرگرمیوں یہاں ہوتی رہیں گی۔‘‘
میچ کی پریزنٹیشن سرمنی کے دوران تمام ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔