سری نگر: وادی کشمیر میں خشک مگر ابر آلود موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے ماہ مئی پہلے ہفتے کے دوران موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کے کچھ علاقوں میں یکم مئی کو دوپہر کے بعد بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 2 اور 3 مئی کو وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے اور کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 7 مئی تک موسمی صورتحال دگر گوں رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا وادی میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Unseasonal Rain In Gujarat گجرات میں بے موسم کی بارش سے عام کی فصل کو نقصان
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی