جموں: جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں اتوار کی شام سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک لڑھک کر دریائے چناب میں جا گرنے کے بعد ٹرک ڈرائیور لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش کے لئے بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق رام بن میں مہر کے نزدیک اتوار کی شام قومی شاہراہ پر جموں جارہا ایک ٹرک ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر دریائے چناب میں جا گرا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی رام بن پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکار اور کیو آر ٹی رضاکار جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے واردات سے صرف کچھ کاغذات اور گاڑی کے کچھ حصے بر آمد ہوئے ہیں اور بعد میں تاریکی ہونے کی وجہ سے آپریشن معطل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح بچاؤ آپریشن کو دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Road Accident In Reasi ریاسی میں منی بس دریائے چناب میں جاگری، سات مسافر زخمی
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں جانے والا ٹرک جس کا رجسٹریشن نمبر JK13-7992 تھا رامبن کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور دریائے چناب میں جا گرا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 7 مارچ کو رامبن ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک گاڑی دریائے چناب میں گر گئی۔ گاڑی دریا کے کنارے پتھروں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گری۔ تاہم موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر گاڑی میں موجود لوگوں کو بچانا شروع کر دیا۔ اس دوران گاڑی میں موجود ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔
یو این آئی