رامبن:وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر پنتھال رامبن کے نزدیک چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کردی گئی تاہم شاہراہ کو بحال کرنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ پیر کے روز سرینگر جموں قومی شاہراہ پر پنتھال کے نزدیک اچانک چٹانیں کھسک آئی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو قابل آمد و رفت کی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
ایس ایس پی رامبن مہوتی شرما کے مطابق نیشنل ہائے وے 44 پر چٹانیں کھسک آنے سے اسٹیل ٹنل کو کافی حد تک نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلیئرنس کا کام مکمل ہونے تک شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی گی۔
بتادیں کہ سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے یعنی 14 جنوری کے روز برف باری اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ نو گام- بانہال سیکٹر میں ہو رہی برف باری کے باعث سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رامبن کے مہر علاقے میں قومی شاہراہ پر چٹانیں بھی کھسک آئی ہیں۔
مزید پڑھیں: Srinagar Jammu National Highway Closed سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک بند
واضح رہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے وادیٔ کشمیر میں اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی کی جہاں قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں مہنگائی بھی آسمان چھونے لگتی ہے جس سے عام لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔