جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کی سب ڈویژن گول میں سیوریج کا سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران گاؤں کی سڑکیں گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو جاتی ہیں جس سے مقامی لوگوں کو چلنے پھرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ گندگی کے ڈھیر سے موذی امراض کے پھیلنے کا بھی اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔
وہیں دوسری جانب بس اسٹینڈ گول سے مین لنک روڈ کو جانے والے راستے پر کوڑا دان تو لگایا گیا ہے لیکن وہ کافی زیادہ خستہ حالی کا شکار ہے جس سے سارا کچڑا باہر نکل کر سڑک پر گندگی کا ڈھیر بن جاتا ہے، اس کے علاوہ محلہ سرائی کے ایک مقام پر لوگ گھروں کا کچرا پھینک جاتے ہیں اور پھر گندگی کی بدبو کی وجہ سے وہاں سے گزرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بس اسٹینڈ گول سے میولہ رابطہ سڑک تک دونوں جانب گندگی کا ڈھیر پڑے ہونے کے ساتھ ساتھ سیوریج کا نظام بہتر نا ہونے کے باعث شہریوں کو کافی زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ گٹروں کا بدبو دار پانی جمع ہونے سے لوگوں کے موذی امراض میں مبتلاء ہونے کا خطرہ ہے اور علاقہ کے لوگوں کا گلیوں سے گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ سڑک کے کنارے پانی کی نکاسی کا کوی معقول انتظام نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے سب ڈویژن مجسٹریٹ گول سے اپیل کی ہے کہ علاقے کے لوگوں کو راحت دینے کے لیے یہاں پر پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ کو بھی پھینکنے کے لیے کوئی خاص جگی متعین کی جائے۔