جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقہ میں گداگری کرنے والی ضعیف العمر خاتون کی رہائش سے انتظامیہ نے لاکھوں روپیے برآمد کرنے کادعویٰ کیا ہے۔
نوشہرہ راجوری میں ایک ضعیف العمر خاتون خستہ حال مکان میں رہائش پذیر تھی اور ضلع انتظامیہ نے مذکورہ خاتون پر ترس کھاکر اس کے رہائشی مکان کی مرمت کرنے اور چھت لگانے کا فیصلہ کیا۔ جب ضلع انتظامیہ مذکورہ خاتون کے رہائشی مکان کی مرمت اور چھت لگانے کے لئے رہائشی مکان کا دورہ کرنے کے لیے گئے تو وہاں انہوں نے مکان کے اندر سے مختلف ڈبوں میں رکھے گئے لاکھوں روپے کے کرنسی نوٹ برآمد کیے۔ مدد کے غرض سے گئے افسران لاکھوں روپیے دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ضلع انتظامیہ نے نائب تحصیلدار کی سربراہی میں ضعیف العمر کی خاتون کی جانب سے جمع کئے گئے روپیے کی گنتی کے لئے ٹیم تعینات کردی گئی ہے۔
نائب تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم مذکورہ خاتون کی جانب سے گداگری کے دوران جمع کیے گئے نوٹوں کی گنتی کررہی ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک دو لاکھ روپیے سے زیادہ کی گنتی کی گئی تھی۔ جب کہ گنتی کا کام جاری ہے اور مذکورہ خاتون کسی امداد کی مستحق نہیں بلکہ دوسروں کو امداد کرنے کے قابل ہے۔
انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں گداگری ایک پیشہ بن گیا ہے اور ایسے عناصر کی وجہ سے وہ لوگ بھی امداد سے محروم ہوجاتے ہیں جو اس کے مستحق ہوا کرتے ہیں۔