اجمیر: ریاست راجستھان کے اجمیر میں مشہور صوفی حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمت اللہ علیہ کی درگاہ کے جھالرا میدان میں ایک خاتون کا ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد غریب نواز خدمت فاؤنڈیشن اور غریب نواز سیوا سمیتی نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو لے کر خادموں میں بھی خاصی ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
دراصل تین روز قبل درگاہ شریف کے جھالرہ میدان میں ایک خاتون یکایک ڈانس کرنے لگی، جسے دیکھ کر کسی انجان شخص نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ ویڈیو کو لے کر درگاہ کمیٹی اور خادموں کی انجمن سید زاد خان نے سخت اعتراض کیا ہے۔ ایسے میں غریب نواز خدمت فاؤنڈیشن اور غریب نواز سیوا سمیتی نے ویڈیو اور اسے شوٹ کرنے والے کی حرکت کو تکلیف دہ بتایا ہے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید عمران چشتی نے ایسے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی بات کہی ہے۔ بتا دیں کہ حضرت خواجہ غریب نواز کی درگاہ میں سبھی مذاہب کے عقیدت مند آتے ہیں اور درگاہ میں اوپری ہوا سے بیمار لوگوں کا علاج کرواتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے اوپری ہوا کے بیمار لوگوں کو درگاہ کے جھالرہ میدان میں ایک جگہ دی ہوئی ہے، جہاں ویڈیو گرافی اور فوٹو شوٹ پر پابندی عائد ہے۔
حاضری والی اس خاتون کا ڈانس کرتے ہوئے چوری چھپے کسی شخص نے ویڈیو بنا کر عقیدت مندوں کو تکلیف پہنچایا ہے، جسے لے کر درگاہ سے جڑی تنظیموں میں بے حد غصہ دیکھا جا رہا ہے۔ساتھ ہی خاتون کے خاندان میں بھی وائرل ویڈیو کو لے کر ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ غریب نواز سیوا سمیتی کے سیکرٹری سید قطب الدین سخی نے بتایا کہ درگاہ میں کچھ شرارتی لوگ غلط طریقے سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہیں اور ہمیشہ درگاہ کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سمیتی کا مطالبہ ہے کہ ایسے لوگوں پر درگاہ کمیٹی نگرانی کر کے ان پر پابندی لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: Ajmer Sharif اجمیر شریف کی درگاہ کمیٹی نے زخمی شخص کی مدد کی