ریاست راجستھان کے چورو ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 6 کلومیٹرکی دوری پر واقع گھنٹیل گاؤں میں ایک پیر بابا کا مزار ہے، جہاں قومی اتحاد اور بھائی چارے کی مثال دیکھنے کو ملتی ہے، جس کا ہر کوئی قائل ہے اس گاؤں کی آبادی تقریبا 6 ہزار افراد پر مشتمل ہے، جس میں ایک بھی مسلم باشندہ نہیں ہے یہاں کی گنگا جمنی تہذیب کو گاؤں کے ہندو خاندانوں نے بچا کر رکھا ہے۔
اس گاؤں میں مذہب سے زیادہ ، روایت کو نسل در نسل منتقل کیا جارہا ہے ، جو وراثت میں ملی ہے اس گاؤں کے لوگوں کو پیر بابا پر گہرا اعتماد ہے جو تمام مذاہب کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔
پیر بابا کے مزار پر جہاں ہندو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں تو وہیں مسلمان چادر پوشی کرتے ہیں، جبکہ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس درگاہ کا مجاور ہندو ہے اس درگاہ پر ہر جمعہ کو ایک چھوٹا سا میلہ بھی لگایا جاتا ہے۔
اس گاؤں کا سنت لال جو درگاہ کی دیکھ بھال کرتا ہے، اس کا ماننا ہے کہ پیر دیوتاؤں کو کسی مذہب میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہوتے ہیں ۔
مقامی باشندوں کے مطابق ہندو اور مسلمان بھائی یہاں آکر منت مانگتے ہیں، منت پوری ہونے کے بعد یہاں عمدہ قوالی پیش کی جاتی ہے جو کئی برسوں سے بلا تعطل جاری ہے۔
راجپوت اکثریت والے اس گاؤں کے باشندوں کا کہنا ہے کہ پیر بابا ہی تھے جس نے گاؤں گھنٹیل کو حملہ آوروں سے بچایا تھا، جبکہ اور لوگوں کا ماننا ہے کہ آج بھی کسی گھر میں آگ لگ جاتی ہے تو پیر بابا کے فضل و کرم سے یہ آگ کسی دوسرے گھر میں نہیں پھیلتی ۔
جس سال گاؤں میں بارش نہیں ہوتی گاؤں کے لوگ درگاہ کے قریب ہاتھ سے مٹی کھودتے ہیں، پھر چند ہی دنوں میں بارش ہو جاتی ہے۔