بھلواڑہ۔ راجستھان کے ضلع بھلواڑہ کے منڈل اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار اور ریاستی وزیر رام لال جاٹ پر جمعہ کی رات کیرا تھانہ علاقہ کے ہیرا کا بدیا گاؤں میں کچھ شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ شرپسندوں نے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔ اس واقعے میں کانگریس رہنما رام لال جاٹ کے سکیورٹی گارڈ معمولی طور پر زخمی ہوگیا۔ جبکہ ان کی گاڑی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
کیرا پولیس اسٹیشن کے انچارج سنیل کمار نے کہا کہ منڈل اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار اور ریاستی وزیر رام لال جاٹ اپنی مہم کے دوران جمعہ کی رات ہیرا کا بدیا گاؤں جارہے تھے۔ اس دوران سڑک پر بیٹھے کچھ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر پتھراو کرنا شروع کردیا۔ اس واقعے میں ریاستی وزیر کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ان کا سکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جب کیرا تھانہ پولیس موقع پر پہنچی تب تک حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
واضح رہے کہ ریاستی وزیر رام لال جاٹ کانگریس کی جانب سے اسمبلی انتخابات کے لئے امیدوار ہیں جبکہ نوجوان سیاست دان اُدی لال بھڈانا منڈل اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کی جانب سے میدان میں ہیں۔ جمعہ کے روز دونوں رہنماوں کی جانب سے گھر گھر عوامی رابطہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم مودی، کھرگے اور دیگر رہنماؤں کی راجستھان میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل
راجستھان میں کانگریس اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوکر دوبارہ اقتدار پر قابض رہنے کا دعوی کررہی ہے تو دوسری جانب بی جے پی کا دعوی ہے کہ وہ ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرلے گی۔