اجمیر: ملک میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کی درگاہ کو بند کردیا گیا تھا لیکن ایک بار پھر سے 73 روز بعد درگاہ کو کھول دیا گیا ہے جس سے درگاہ میں پھر سے نیاز اور لنگر کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں درگاہ کے خادم سید افشان چشتی نے بتایا کہ 'عقیدت مند کی مراد پوری ہوتی ہے تو وہ خواجہ صاحب کی درگاہ میں موجود دو دیگوں میں لنگر پکواتا ہے اور لوگوں میں تقسیم کرتا ہے'، انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ان کے مریدین نے لنگر بنوایا ہے، طویل انتظار کے بعد لنگر شروع ہونے سے درگاہ کے کارکنان میں خوشی کا ماحول ہے۔
سید افشان چشتی نے کہا کہ 'درگاہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب عقیدت مندوں کے لیے لنگر کا کام روکنا پڑا، گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران بھی دیگ بکنگ اور لنگر پکوانے کا سلسلہ تقریباً 10 ماہ تک بند رہا تھا، اس بار بھی لنگر کو تقریباً ڈھائی ماہ تک بند کیا گیا ہے۔
سیّد افشان چشتی نے بتایا کہ درگاہ میں بڑی اور چھوٹی دو دیگیں موجود ہیں جسے بادشاہ اکبر نے خواجہ صاحب کی بارگاہ میں پیش کی تھی۔
مزید پڑھیں:اجمیر درگاہ کا خصوصی اسپرے سے سینیٹائزیشن
انہوں نے بتایا کہ عقیدت مندوں کی جب منت پوری ہوتی ہے تو عقیدت مندان اس دیگ میں لنگر پکواتے ہیں۔ بڑی دیگ میں 120 من (4800 کلوگرام) جب کہ چھوٹی دیگ میں 60 من یعنی (2400 کلو) کھانا میٹھے چاول کی شکل میں پکایا جاتا ہے۔ ہزاروں زائرین میں یہ کھانا بطور تبرک تقسیم ہوتا ہے۔
دیگ میں پکنے والے لنگر کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں صرف میٹھا کھانا پکایا جاتا ہے۔ جس کی فہرست درگاہ کمیٹی میں دستیاب ہے۔