لاک ڈائون میں نرمی کے بعد جہاں وادی کشمیر میں بیشتر صحت افزا مقامات اور پبلک پارکس کو عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، وہیں ضلع پلوامہ میں جموں و کشمیر بینک کی جانب سے تعمیر کردہ پبلک پارک ہنوز بند ہے۔
پارک 05 اگست 2019 سے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے جموں و کشمیر بینک کو مالی نقصان کے علاوہ لوگوں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں نے پارک ہنوز بند رکھنے جانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے بیشتر صحت افزا مقامات اور پبلک پارکس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم ضلع پلوامہ کی پارک کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارک انتہائی اہمیت کی حامل ہے جہاں مقامی بچوں سمیت پیر و جواں راحت کے چند لمحات گزارتے تھے وہیں اب انہیں پارک بند رہنے سے کافی دقتیں پیش آتی ہیں۔
مزید پڑھیں؛ ویری ناگ باغ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آئے لوگ سڑک کے کنارے بیٹھنے کے بجائے اسی پارک میں اپنا وقت صرف کرتے تھے، تاہم پارک مسلسل بند رہنے سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ مسافرین کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاکھوں روپے کی لاگ سے تعمیر کی گئی پبلک پارک کو لوگوں نے عوام کے لیے کھولے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔