پلوامہ: پیر کے روز راجستھان کے چورو علاقے میں ایک سڑک حادثے پیش آیا جس میں تین کشمیری باشندوں کی موت واقع ہو گئی تھی۔ حادثے میں مرنے والوں میں سے ضلع پلوامہ کے دو رہائشی جبکہ ایک کا تعلق شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع سے ہے۔ فوت ہوئے پلوامہ کے دو رہائشیوں کی جسد خاکی بدھ کو پلوامہ پہنچائی گئی۔ متوفین میں ضلع پلوامہ کے ٹکن علاقے کے جہانگیر احمد نائیکو (ڈرائیور)، کریم آباد پلوامہ کے رہنے والے محمد یوسف بھٹ کپوارہ کے کے شوکت احمد وانی شامل ہیں۔ بدھ کو جہانگیر احمد اور محمد یوسف کی جسد خاکی پلوامہ پہنچائی گئی۔ حادثہ کے تین دن بعد جوں ہی پلوامہ کے باشندوں کی جسد خاکی اپنے اپنے علاقوں میں پہنچائی گئی وہاں صف ماتم بچھ گئی۔ سینکڑوں افراد نے اُن کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور انہیں پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سرنکوٹ کے دھندک میں سڑک حادثہ، چار افراد زخمی
واضح رہے کہ راجستھان کے چورو علاقے میں پیر کو ایک ٹرک حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں سوار تین کشمیری باشندوں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔ حادثہ کے فوراً بعد حکام نے راجستھان حکومت کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور تینوں افراد کی جسد خاکی کو وادی کشمیر پہنچائے جانے کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے گئے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر ضلع رام بن کے مقام پر مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں کے بعد لاشیں پلوامہ پہنچائی گئیں۔