سرینگر - پکھرپورہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث ضلع پلوامہ کے گوسو علاقے میں لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
خستہ حال سڑک پر کئی جگہوں پر گہری گڑھے بن گئے ہیں جن میں جمع گندے پانی سے مقامی لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے احتجاج کر رہے لوگوں کا کہنا ہے کہ خستہ حال سڑک پر آئے روز حادثات رونما ہوتے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک اس سڑک پر حادثات میں کئی لوگ معذور ہو چکے ہیں۔ جبکہ متعلقہ محکمہ جات اور ضلع انتظامیہ سڑک کی مرمت کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھا رہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں کے مطابق انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ آر اینڈ بی اور ضلع انتظامیہ کو سڑک کی مرمت کے حوالے سے درخواستیں دیں تاہم آج تک سڑک کی مرمت کے حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
انہوں نے انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کرنے کی اپیل کی تاکہ عوام کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔