پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محکمہ بلدیات کی جانب سے میونسپل کمیٹی پلوامہ میں ’’سوچھ سرویکشن پروگرامُُ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں ضلع پلوامہ کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع بشمول شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ میونسپل کمیٹیز کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع پلوامہ کے میونسپل کونسلرز نے ’’ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کے غیر حاضر‘‘ ہونے کے خلاف سخت احتجاج کیا، جبکہ انہوں نے ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کے خلاف نعرے بھی بلند کیے۔ احتجاج کے دوران کونسلرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے کی بھی بات کی۔
احتجاج کے حوالہ سے میونسپل کونسل پلوامہ کے صدر، بلال احمد، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میونسپل کونسل پلوامہ میں سوچھ سرویکشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں جنوبی کشمیر کی سبھی مونسپل کمیٹیز سے وابستہ ملازمین شرکت کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس پروگرام میں ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کا شریک ہونا ضروری تھا جس سے یہ پروگرام سود مند ثابت ہوتا لیکن ان کے غیر حاضر ہونے کی وجہ سے یہ پروگرام ایک فارملٹی ہے اور کچھ نہیں اس پروگرام کا اصل مقصد ہی فوت ہو گیا۔‘‘
میونسپل کونسل پلوامہ کے صدر نے دعویٰ کیا کہ ’’پلوامہ میونسپل کونسل میں گزشتہ آٹھ ماہ سے ایگزیکٹیو افسر کے بغیر ہی کام چلایا جا رہا ہے جبکہ ایک افسر کو یہ اضافہ عہدہ دیا گیا جو اسے پوری طرح سنبھالنے اور نبھانے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔‘‘ احتجاج کر رہے کونسلرز نے مزید کہا کہ ’’دفتر میں کئی سارے کام برسوں سے زیر التوا ہیں جن کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’کچھ ایسے کیسز کی فائلیں دھول چھاٹ رہی ہیں جن کے متعلق وضع کی گئی اسکیمیں بھی اب بند ہو چکی ہیں۔ حکومتی کی جانب سے اسکیموں کو عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وضع کی جاتا ہے تاہم نا اہل افسران کی وجہ سے یہ اسکیمیں لوگوں تک نہیں پہنچ پاتی۔‘‘
مزید پڑھیں: ضلع پلوامہ کی میونسپل کمیٹی میں کونسلرز کے درمیان اختلافات
ادھر، متعلقہ افسر، جنہیں ایگزیکٹیو آفیسر کا اضافہ چارج دیا گیا ہے نے ان سبھی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’دفتر میں ایک بھی فائل زیر التوا نہیں ہے، اگر کونسلرز کو کوئی شکایت تھی تو انہیں راست رابطہ قائم کرنا چاہئے تھا، اس طرح ہنگامہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔‘‘ احتجاج کر رہے کونسلرز نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے میونسپل کمیٹی پلوامہ میں دیگر ایم سیز کی طرح ایک مستقل افسر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ’’ضلع پلوامہ کے لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک نہ کیا جائے۔‘‘