ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ضلع میں کورونا کی صورتحال کی جانکاری دی۔انہوں نے کہا پلوامہ میں اگرچہ پہلے کووڈ سے متاثر ہونے والے افراد کی شرح 13 فیصفد تھی لیکن یہ اب کم ہو کر 5.7 فیصد ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا ضلع میں کورونا سے اموات کی شرح 1.89 فیصد تھی جو اب گھٹ کر 1.3 فیصد ہوگئی ہے۔ وہیں کووڈ-19 کی صحت یابی کی شرح بھی 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
موصوف نے کہا پلوامہ میں اب بھی 1450 کے قریب کووڈ متاثر افراد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پلوامہ میں اپریل کی پہلی تاریخ سے آج تک 95000 افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا ہے جبکہ کہ 30000 سے زائد افراد کو دوسرا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ کی 190 پنچایتوں میں 8500 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 42 افراد کو کووڈ متاثر پایا گیا۔بصیر الحق چودھری نے کہا ویکسنیشن بہت ضروری ہے اور لوگوں کو افواہوں کی طرف توجہ نہیں دینی چاہئے بلکہ ٹیسٹنگ کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہئے۔
کمشنر موصوف نے کہا کہ ضلع پلوامہ کے راجپورہ بلاک میں اگلے کچھ دنوں میں 100 فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف پورا کیا جائے گا جبکہ باقی بلاکوں میں بھی ایک ہفتے کے اندر اندر 100 فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف دیا گیا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ہسپتال پلوامہ میں چند روز کے بعد ہی ایمرجنسی سروسز کو بحال کیا جائے گا۔