پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مورن گاؤں سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر اویس یعقوب نے نائٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (این ایف سی) میں، ہلکے وزن کے زمرے میں قازقستان کے امانزول خیسہ کو شکست دے کر اپنی دوسری بین الاقوامی فتح حاصل کی ہے۔ قازقستان میں منعقد ہونے والی یہ فائٹ اویس کے حق میں ایک متفقہ فیصلے کے ساتھ ختم ہوئی، جب اس نے رنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل مارچ 2024 میں اویس نے متفقہ فیصلے سے نوئیڈا میں میٹرکس فائٹ نائٹ میں افغانستان کے محمد اعظم مخلص کو شکست دی تھی۔ اپنے پیشہ ورانہ کریئر سے پہلے اویس نے جولائی 2022 میں فلپائن میں ورلڈ ایسکریما کالی آرنس فیڈریشن چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کی۔
اس نے قومی سطح کے مقابلوں میں 11 طلائی تمغے اور 7 چاندی کے تمغوں کے ساتھ ساتھ یونین ٹیریٹری کی سطح پر 17 طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔ اویس کا خواب الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (یو ایف سی) میں حصہ لینا ہے، جو ایم ایم اے مقابلے کی اعلیٰ ترین سطح کی فائیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایف سی میرا مقصد ہے، اور میں اس میں جگہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔
نائٹ فائٹنگ چیمپئن شپ جہاں اویس نے اپنی تازہ ترین جیت حاصل کی قازقستان میں مقیم ایم ایم اے کی ایک باوقار تنظیم ہے، اپنے مسابقتی پلیٹ فارم کے لیے جانا جاتا ہے، این ایف سی نے 71 ایونٹس اور 700 سے زیادہ میچز کی میزبانی کی ہے۔
وہیں اویس یعقوب کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں ایس ایس پی پلوامہ پی ڈی نیتیہ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پلوامہ محمد نواز، ایس ایچ او پلوامہ شبیر احمد کے علاؤہ پلوامہ کے دیگر سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اویس نے جیت کو اپنے کریئر کا اب تک کا سب سے اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ جیت خاص ہے کیونکہ یہ ہندوستان سے باہر میری پہلی بین الاقوامی فتح ہے اور یہ میری عالمی درجہ بندی کو بڑھانے میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔
وہیں اس سلسلے میں ایس ایس پی پلوامہ پی ڈی نیتیہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے کا واحد ذریعہ کھیل ہے جو وادی کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ پولیس ضلع کے نوجوانوں کو کھیلوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے، تاکہ ان کی کھیلوں کی مہارت کو پروان چڑھایا جا سکے اور انہیں منشیات سے دور رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: |