جنوبی کشمیر کا ضلع پلوامہ عسکری سرگرمیوں کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہا ہے۔ تاہم یہاں کے نوجوانوں نے کھیل کود کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ضلع اور پوری وادی کا نام روشن کیا ہے۔ ایسی ہی ایک تازہ مثال ضلع کے مرون علاقہ سے تعلق رکھنے والے اویس یعقوب کی ہے۔
اویس یعقوب نے ریاستی سطح کے ساتھ ساتھ ملکی سطح کے کھیل میں حصہ لے کر مختلف تمغے اپنے نام کیے ہیں۔ اویس یعقوب مارشل آرٹ کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے حال ہی منعقدہ مکسڈ مارشل آرٹ انڈیا نیشنل چیمپین شپ 2021 کے چوتھے ایڈیشن میں مرد ویلٹر ویٹ (Male Welter Weight category) زمرے میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اویس یعقوب کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس چیمپین شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کافی جدوجہد کی، تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔ میزورم سے تعلق رکھنے والے زر ماویہ نے اس چمیپین شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
بین الاقوامی چیمپین شپ میں حصہ لے کر ٹرافی جیتنا اویس یعقوب کا خواب ہے اور وہ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے کافی محنت و مشق کر رہے ہیں۔
اپنے مقصد پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے انہوں نے اپنی تربیت کے اوقات میں اضافہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ اپنی اکیڈمی 'لائنز ڈین' میں دلچسپی رکھنے والے دیگر نوجوانوں کی مدد بھی کرتے ہیں۔
اویس یعقوب گزشتہ کئی برسوں سے ضلع پلوامہ میں اکیڈمی چلا رہے ہیں جس میں وہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تندرست رہنے کے لیے اور وادی میں منشیات کی لت سے دور رہنے کے لیے کھیل کود ایک بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں قومی تقریب میں پہلی بار حصہ لیا اور میں کیج میں داخل ہوا تو میں ڈر سا گیا تھا لیکن صحیح تربیت کی وجہ سے مجھے اعتماد ملا اور میں نے اپنے کئی مخالفین کو ہرایا۔ واضح رہے کہ ایم ایم اے 2021 چیمپین شپ کا چوتھا مرحلہ 19 سے 21 فروری تک اتر پردیش کے لکھنؤ میں منعقد ہوا تھا جس میں ملک کے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔