پلوامہ: منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں دو منشیات اسمگلروں کی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قرق کر دیا ہے۔ پلوامہ پولیس نے ضلع کے کریم آباد گاؤں میں فیاض احمد راتھر کا ایک دو منزلہ رہائشی مکان، جس کی قیمت تقریباً 2,097,291 روپے بتائی جا رہی ہے کو قرق کیا۔ جبکہ محمد مقبول بٹ نامی ایک اور شہری کی دو دکانیں جنہیں رہائشی اپارٹمنٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کو بھی قرار کر دیا، ان دکانوں کی مالیت 2,735,186 روپے بتائی جا رہی ہے۔
دونوں کارروائیاں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 8/21-29 کے تحت انجام دی گئیں۔ پولیس بیان کے مطابق ایک مکمل تفتیش کے دوران اس بات کی تصدیق ہوئی کہ دونوں جائیداد کو منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل شدہ آمدنی سے حاصل کیا گیا تھا۔ ان اثاثوں سے وابستہ افراد فیاض احمد راتھر اور محمد مقبول بٹ اس وقت قانونی حراست میں ہیں۔ پلوامہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کیسز ایف آئی آر نمبر 301/2023 U/S 8/21-29 NDPS ایکٹ، پولیس اسٹیشن پلوامہ میں درج کیس سے منسلک ہیں۔
مزید پڑھیں: پلوامہ میں عسکری معاون کی زمین قرق
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی اس طرح کی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے منشیات فروشوں کی جائیداد قرق کر دی۔ علاوہ ازیں عادی منشیات فروشوں پر پی ایس اے، این ڈی پی ایس عائد کرکے انہیں جیل بھی بھیجا گیا ہے جبکہ بعض منشیات فروشوں کے بینک کھاتوں کو بھی سیز کر دیا گیا ہے۔