پلوامہ (جموں کشمیر) : سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 130 بٹالین نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پدگام پورہ، اونتی پورہ علاقے میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ طبی کیمپ ایک مقامی اسکول میں منعقد کیا گیا جس کا افتتاح سی او 130 بٹالین راجیو یادو نے کیا۔ کیمپ میں درجنوں مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات دی فراہم کی گئی۔
مفتی طبی کیمپ میں پدگام پورہ سمیت آس پاس کے علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے بھی شامل تھے، کی خاص تعداد مفت ہیلتھ کیمپ کے لیے جمع ہوئی۔ دن بھر جاری رہنے والے کیمپ کے دوران بیسیوں مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ منتظمین کی جانب سے ماہر امراض خواتین اور ماہر امراض اطفال ڈاکٹروں کی خدمات بھی طلب کی تھی جنہوں نے کیمپ میں آئے مریضوں کا چیک اَپ کیا اور انہیں مفید مشوروں سے نوازا۔
سی آر پی ایف کے کمانڈنگ آفیسر نے طلبہ کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں بھی شمولیت اختیار کریں۔ کیمپ چونکہ ایک سرکاری اسکول میں منعقد کیا گیا تھا، اس لئے زیر تعلیم طلباء نے بھی میڈیکل کیمپ میں شمولیت کی اور ان کا بھی طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ادویات بھی دی گئیں۔ جبکہ اس موقع پر اسکول ھذا کو ایک فسٹ ایڈ کٹ بھی فراہم کیا گیا۔
مزید پڑھیں: CRPF Free Medical Camp اونتی پورہ میں مفت طبی کیمپ
کیمپ میں شریک لوگوں نے سی آر پی ایف کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو ایک اچھی پہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہیے۔‘‘ ادھر، میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کمانڈنگ آفیسر 130 بٹالین، راجیو یادو، نے بتایا کہ اس طرح کے مفت میڈیکل کیمپس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے جب بھی کسی علاقے میں لوگ اسطرح کے کیمپ منعقد کرانے کی اپیل کرتے ہیں تو اہلکار عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں اور آج اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں یہ طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے سویک ایکشن پروگرام کے تحت مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کرانے کی عندیہ دیا۔