ترال: پی ڈی پی ترجمان اور ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے آج پنگلش ترال جاکر وہاں ماہرہ شاہ کو مبارک باد پیش کی اور انہیں تحفہ پیش کیا تاکہ اس کی عزت افزائی ہو سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے ماہرہ شاہ کی فیملی کے ساتھ بھی چند لمحے گزارے اور انہیں بچی کی اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آرٹ کے ذریعے اس نے پورے ملک میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے جو کہ ترال علاقے کے لیے بہت بڑی خوشخبری کی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے ماہرہ کو یقین دلایا کہ انہیں منڈالہ آرٹ کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون پیش کریں گے۔ ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ منڈالہ آرٹ میں اس بچی نے دنیا کا سب سے چھوٹا شکارہ بناکر جو کارنامہ انجام دیا ہے اس سے پورے ملک کا نام روشن ہوا ہے۔ کیونکہ منڈالہ آرٹ میں دنیا کا سب سے چھوٹا شکارا بنانے کے صلہ میں انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز کی جانب سے ماہرہ کو گولڈ میڈل سے نوازا جا چکا ہے اور یہ ایک بڑی بات ہے کیونکہ محدود وسائل کے ہوتے ہوئے ماہرہ شاہ نے جو کمال کیا ہے وہ یقیناً ایک قابل ستائش بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ڈاکٹر ہربخش نے بتایا کہ ان کی کوشش رہے گی کہ ملک کے کسی آرٹ اسکول میں ان کو داخلہ دیا جائے۔ واضح رہے کہ منڈالہ آرٹ ایک قدیم ہندوستانی آرٹ کا نمونہ ہے جس میں پیچیدہ ڈیزائنز میں دائروں کی ڈرائنگ کی جاتی ہے۔ آرٹ کی شکل کو ہندوستانی آرٹسٹ ایس ایچ رضا نے مقبول کیا، جس نے منڈالا آرٹ کی کئی پینٹنگز بنائیں اور ایس ایچ رضا اسی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہوئے۔