ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے آج کووڈ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں میڈیا کے نمائندوں کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کووڈ پوری طرح سے قابو میں ہے۔ اور گزشتہ پانچ دنوں سے کووڈ مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح 80 فیصد ہوگئی ہے۔
جبکہ کووڈ سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی کافی کمی آئی ہے۔ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے کہا کہ جس طرح سے ضلع پلوامہ کے لوگوں نے تعاون دیا ہے اور کووڈ جیسی مہلک وبا پر بہت حد تک قابو پایا گیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔
کمشنر موصوف نے کہا ضلع میں تقریباً ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہیں اور لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل طور عمل پیرا رہیں تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ انہیں ہرگز شوق نہیں ہے کہ لوگوں کی دکانیں یا گاڑیاں ضبط کی جائے بلکہ وہ لوگوں کی بہتری چاہتے ہیں۔ اور لوگوں کو ازخود احتیاط کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا لوگوں کو خود احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے جس سے اس بیماری کا خاتمہ کرنے میں مدد مل سکے۔