وادی کشمیر کے معروف صوفی شاعر رجب حامد کا یوم وصال ہر سال دو اپریل کو ان کے آبائی علاقے ستورہ، ترال میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا تھا۔ تاہم کرونا وائرس اور انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے پیش نظر امسال اس تقریب کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
مرحوم رجب حامد کے یوم وصال کے موقعے پر وادی کے مختلف اضلاع سے عقیدت مند ان کے مزار پر حاضری دیتے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور آل انڈیا ریڈیو کی جانب سے بھی تقاریب اور محفل موسیقی آراستہ ہوتی تھی۔
رجب حامد کے سجادہ نشین اور رجب حامد میموریل ادبی ٹرسٹ کے سربراہ ندیم الطاف نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ ’’کرونا وائرس کی وجہ سے سالانہ عرس کی تقریب کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔‘‘
رجب حامد کا شمار کشمیر کے بلند پایہ صوفی شعراء میں کیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے جہاں پوری وادی میں اضطراب اور بے چینی کا ماحول ہے وہیں عوام الناس کی جانب سے مذہبی، سماجی اور ادبی تقریبات منسوخ یا ملتی کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے اب تک پورے عالم میں دس ہزار افراد ہلاک جبکہ لاکھوں اس کی چپیٹ میں آ چکے ہیں۔