پلوامہ: آنگن واڑی محکمے میں کام کرنے والی درجنوں ورکروں اور ہیلپروں نے آج آری پل ترال میں احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کی طرف ایل جی انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی۔ اس دوران احتجاج ان آنگن واڑی ورکروں نے بتایا کہ گذشتہ چار ماہ سے ان کی تنخواہ واگزار نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کے معمولات شدت سے متاثر ہو رہے ہیں اور ان کا عیال فاقہ کشی کا شکار ہو رہا ہے۔ Anganwadi Workers Protest in Tral
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک کارکن نازیہ نے بتایا کہ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں سے کام تو بہت لیا جا رہا ہے، لیکن ہمارے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے ہم پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اپنی بے بسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی تنخواہ تین ماہ سے بند پڑی ہے جب کہ ایریر پچھلے چار سال سے التواء میں ہے جب کہ عید کے موقع پر بھی ان کی تنخواہوں کو واگزار نہیں کیا گیا۔
ایک اور ورکر شکیلہ نے بتایا کہ سرکار ان کو کووڈ اور ہر محکمے کے ساتھ کام پر لگاتی ہے، لیکن ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور و خوض نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے تنخواہ کی واگزاری سمیت دیگر مطالبات کو حل کرنے کی گزارش کی۔