پلوامہ (جموں کشمیر) : یوم جمہوریہ کی تقاریب کے پر امن انعقاد کے لیے پیر کو ضلع پلوامہ کے ٹاؤن ہال، ترال میں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت اے ڈی سی ترال، ساجد یحییٰ نقاش نے کی۔ اے ڈی سی ترال نے یوم جمہوریہ2024 کے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سب ضلع سطح کے اَفسران اور سیکورٹی ایجنسیز کے نمائندوں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران جانکاری دی گئی کہ مرکزی تقریب پولیس لائنز میں منعقد ہوگی جبکہ اِسی طرح کی دیگر تقریبات تمام تحصیل صدر مقامات میں بھی منعقد کی جائیں گی۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ مارچ پاسٹ پریڈ میں جموں کشمیر پولیس، سی آر پی ایف کے دستے، سرکاری اور نجی سکولوں کے طلباء شرکت کریں گے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پنڈال میں مناسب حفاظتی اِنتظامات، پارکنگ سہولیات، نشستوں کے مناسب اِنتظامات کے علاوہ بجلی اور پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: ترال کے ڈاڈسرہ میں وکست بھارت سنکلپ یاترا کا اہتمام
اُنہوں نے محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ متعلقہ مقامات پر مناسب عملہ، ایمبولینس اور طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ مناسب تعداد میں میڈیکل کیمپ قائم کریں جہاں ضلع میں یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اُنہوں نے میونسپل کمیٹی اَفسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ پورے ٹاؤن میں سڑکوں اور گلیوں میں اور اس کے اِرد گرد صفائی کو برقرار رکھیں۔ اے ڈی سی نے یوم جمہوریہ کے پُر اَمن اِنعقاد کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل پر بھی زور دیا جبکہ خراب موسم کی صورت میں مکینکل ڈویژن کو برف صاف کرنے والی مشینوں کی دستیاب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔