پلوامہ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں منگل کو سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے انٹر ڈسٹرکٹ تائکانڈو چمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد نے شمولیت کی۔ چمپئن شپ کا انعقاد سی آر پی ایف کی 130 بٹالین کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کرکے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا۔
ڈی آئی جی، سی آر پی ایف، (جنوبی کشمیر) آلوک اوستھی اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود رہے۔ جبکہ سی او 130 بٹالین راجیو یادو اور ڈپٹی سی او ارون کمار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی نے چمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ کھیل کود میں شمولیت اختیار کریں کیونکہ ’’اس سے جسمانی اور ذہنی طور پر ایک انسانی تندرست رہتا ہے۔‘‘ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کی کہ وہ مستقبل میں بھی انکے لیے ایسے ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔
مزید پڑھیں: Tral Yogasna championship : ترال میں یوگا سنا چمپئن شپ کا اہتمام
چمپئن شپ میں شامل کھلاڑیوں نے سی آر پی ایف کی جانب سے چمپئن شپ منعقد کرانے کو ایک خوش آئند مہم قرار دیا اور کہا کہ ’’ایسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’آج کی اس تقریب میں ضلع بھر سے آئے ہوئے دو سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں لڑکیوں کی ایک خاصی تعداد بھی شامل ہے۔‘‘ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے ڈی آئی جی، آلوک اوستھی، نے بتایا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ’’سویک ایکشن پروگرام‘‘ کے تحت اس طرح کی تقاریب جاری رہیں گی۔