پونچھ (جموں و کشمیر) : سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امسال صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی میں بڈھا امر ناتھ یاترا 18 اگست سے شروع ہوگی جو کہ 27 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ 28 اگست کو چھڑی مبارک کو شری دشنامی اکھاڑہ، پونچھ سے شری بڈھا امرناتھ مندر، منڈی پہنچایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس یاترا کے لئے جموں سے پہلے قافلے کی روانگی 18 اگست کو ہوگی جبکہ بھومی پوجن 17 اگست کو انجام دی جائے گی۔ دریں اثنا، انتظامیہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
جہاں ایک طرف بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں وہیں یاتریوں کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے بھی ضرورتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتا دیں کہ بابا بڈھا امرناتھ کی عبادت گاہ جس کو ’’چٹانی بابا امرناتھ مندر‘‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، پونچھ میں سطح سمندر سے 4 ہزار 6 سو میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ عبادت گاہ ’’بھگوان شیو‘‘ کے نام پر وقف ہے اور ہر سال پونچھ سمیت صوبہ جموں کے متعدد اضلاع سے عقیدت مند منڈی علاقے کا رخ کرکے بڈھا امرناتھ مندر کے درشن کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پونچھ: کورونا کے باعث بڈھا امرناتھ مندر میں سناٹا
واضح رہے کہ تین برس بعد سنہ 2022میں سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ بڈھا امرناتھ یاترا بحال ہوئی تھی۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث تین برسوں تک بڈھا امرناتھ یاترا معطل رہی۔ بڈھا امرناتھ یاترا کے موقع پر بھی دیگر مذہبی رسومات کی طرح بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران روایتی مذہبی ہم آہنگی اور صدیوں پرانی رواداری کے منظری دکھائی دیتے ہیں۔
یو این آئی