ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں تعمیر ملت کے قومی صدر ضیا الدین نیر نے اورنگ آباد میں مراٹھواڑہ مکتی سنگرام کا جشن منانے پر کہا کہ یہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنے جیسا ہے۔ وہیں کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی نے کہا 17 سمتبر کو یوم فتح یا بلیک ڈے منانے سے باز رہنا چاہیے۔
اورنگ آباد میں تعمیر ملت کی دعوت میں شامل ہونے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی نے کہا کہ سترہ سمتبر ایک حادثہ تھا۔ حکومت کے ریکارڈ کے مطابق اس حادثے میں 45 ہزار افراد مارے گئے تھے جبکہ سندر لال کمیٹی کی رپورٹ رونگٹے کھڑے کرنے والی ہے۔ اس لیے مراٹھواڑہ مکتی سنگرام، بلیک ڈے یا سیلیبریشن ڈے منانا اپنے ہی لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر حکومت سقوط حیدرآباد کے دن یعنی سترہ ستمبر کو مراٹھواڑہ مکتی سنگرام مناتی ہے۔ اورنگ آباد ڈویژن کی حیدرآباد اسٹیٹ سے علیحدگی اختیار کرکے انڈین یونین میں ضم ہونے کی خوشی میں حکومت مہاراشٹر نے 17 ستمبر کو یوم انضمام کی 75 ویں سالگرہ منائی۔ کیپٹن ناگاراؤ ریڈی نے حکومت مہاراشٹر کی اس تقریب پر اعتراض جتایا اور کہا کہ صوبہ مہاراشٹر کے وزیراعلی ایکناتھ شندے کے لئے اس طرح کا جشن منانا موزوں نہیں ہے کیونکہ یہ زیر عدالت ہے۔ اس معاملے میں عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کیا ہے۔
وہیں اس موقع پر تعمیر ملت کے قومی صدر ضیاء الدین نیر نے کہا کہ پولیس ایکشن کے بعد سندرلال کمیشن بنایا گیا تھا اور سندرلال کمیشن کی رپورٹ میں واضح ہے کہ پولیس ایکشن کے دوران 45 ہزار لوگوں کا قتل عام ہوا تھا اور 75 سال گزر جانے کے بعد پھر سے تاریخ کو دہرایا جارہا ہے اور مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔ 17ستمبر کو قتل عام ہوا تھا تو اب کیا ہمیں 75 سال گزر جانے کے بعد اُس کی خوشیاں منانی چاہیے، ہرگز نہیں۔ اسی لئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مکتی سنگرام نہیں ماننا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: دھوم دھام سے منایا گیا یوم مکتی سنگرام
کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی نے کہا آزادی کو 75 سال ہونے کے بعد کئی لوگ مکتی سنگرام دن کے موقع پر خوشی مناتے ہیں، تو کوئی غم مناتے ہیں۔ اس معاملے کو بھول جانا چاہیے کیونکہ سنہ 2001 تک اس روز کسی بھی قسم کا پروگرام نہیں منایا جاتا تھا۔ پھر کیوں 75 سال گزر جانے کے بعد تاریخ کو دوہرایا جا رہا ہے اور زخموں پر نمک ڈالا جا رہا ہے۔ پنڈو رنگ نے کہا کہ سبھی سیاسی پارٹیوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اس طرح کی تاریخ کو دوبارہ یاد نہ دلائیں کیونکہ ہمارے ملک میں سبھی مذہب کے لوگ رہتے ہیں۔