دونوں رہنماؤں کی ملاقات دو گھنٹوں تک جاری رہی، اور دوسرے ہی دن این سی پی سربراہ شرد پوار کی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے فون پر بات چیت کے دوران سنجے راوت نے کہا کہ جب انہوں نے شرد پوار کا انٹرویو لیا تھا، تب ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ دیویندر فڑنویس، راہل گاندھی اور امت شاہ کا بھی انٹرویو کرنے کا ارادہ ہے،اسی کے ساتھ ہی راوت نے کہا کہ کسی دوسری پارٹی کے رہنماؤں سے ملنا کوئی سیاسی جرم نہیں ہے۔
شیوسینا اور بی جے پی نے گزشتہ برس اسمبلی انتخابات مل کر لڑا تھا، انتخابات کے بعد سیاسی گہما گہمی کے بعد شیوسینا این ڈی اے سے علیحدہ ہوگئی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت بنائی،ذرائع سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ دیویندر فڑنویس وزیر اعلی کے عہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ فڑنویس اس اتحاد سے خوش بھی نہیں تھے۔ انہوں نے ہی بی جے پی کی مرکزی قیادت کو وزیر اعلی کے عہدے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
شیوسینا کے ساتھ اتحاد ٹوٹنے کے بعد بی جے پی کی مرکزی قیادت دیویندر فڑنویس سے خوش نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس ملاقات کو فڑنویس کی پہل کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے متعلق مرکزی سیاست میں یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ اب فڑنویس پرانی غلطیوں کو درست کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے شیوسینا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔