اورنگ آباد شہر کے میونسپل کارپوریشن میں بھی تین۔ چار دن پہلے کنٹرول روم قائم کیا گیا پچھلے چار دنوں میں ہزاروں افراد کا رجسٹریشن ہوچکا ہے لیکن ابھی تک کسی بھی مستحق کو ایک دانہ بھی نہیں مل پایا ہے۔
اورنگ آباد شہر کے میئر نند کمار گھوڑیلے نے بڑے فخر سے چار دن پہلے یہ اعلان کیا تھا کہ شہر میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا، اسی اعلان کی بنیاد پر کارپوریشن میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔
لیکن پچھلے چار دن سے اس کنٹرول روم میں شہریان کے صرف نام درج کیے جارہے ہیں، اب تک فون کالز اور شخصی طور پر پہنچنے والے ہزاروں افراد کے نام درج کیے جاچکے ہیں، لیکن ان مستحق افراد کو فوڈ پیکٹس یا اناج کب ملے گا۔
کرفیو کی وجہ سے شہر میں ایک طرح سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے ہر کوئی اپنے گھروں میں قیدہے۔
میئر کااعلان غریب اور مستحق افراد کے لیے امید کی کرن بنا تھا لیکن اس سے پہلے کہ اس پر عمل ہوتا، میونسپل کمشنر نے یہ واضح کردیا کہ کارپوریشن کی ایسی کوئی اسکیم نہیں بلکہ یہ فلاحی تنظیموں کے تعاون سے کیا جائیگا۔ ادھر میئر نندکمار گھوڑیلے نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بدنظمی کی وجہ سے لوگوں تک راحتی سامان نہیں پہنچ پایا۔
کورونا وائرس پر قابو پانے جنگی پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں، لاک ڈاؤن بھی اس کا ایک حصہ ہے ایسے میں فلاحی تنظیموں، مستحق افراد کی امداد کے لیے پہل کی ہے۔ لیکن ضلع انتظامیہ اور کارپوریشن کی جانب سے محض اعلانات پر تکیہ کیا جارہا ہے جس سے اس بات کا اندیشہ ہے کہ لوگ کورونا کے بجائے بھکمری کا شکار نہ ہوجائے۔