بھارت بھالکے ضلع سولا پور کی پنڈھر پور سیٹ سے ایم ایل اے تھے۔ مہاراشٹر میں بہت سارے بڑے رہنماؤں نے کورونا وبا کو شکست دی ہے۔ سب کو امید تھی کہ وہ بھی کورونا کو شکست دے کر واپس آئیں گے۔ شرد پوار بھی ان سے ملنے جمعہ کے روز ہسپتال گئے تھے۔
حال ہی میں بھارت بھالکے کو کورونا مثبت پایا گیا تھا۔ انہیں علاج کے لئے پونے کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ دوران علاج انہیں نمونیہ بھی ہوا تھا۔ جس کے بعد ان کی حالت اور بھی خراب ہوگئی۔ ڈاکٹروں کی بہت کوششوں کے بعد بھی ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ جمعہ کی رات بارہ بجے علاج کے دوران افسوسناک طور پر ان کی موت ہوگئی۔
بھارت بھالکے مہاراشٹر کی سیاست میں 'جائنٹ کلر' کے نام سے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے 2009 میں پنڈھر پور سیٹ سے اس وقت کے ڈپٹی سی ایم وجے سنگھ موہیت پاٹل کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔ 2014 میں وہ کانگریس کے ٹکٹ پر ایم ایل اے بنے تھے۔ اس کے علاوہ سال 2019 میں وہ تیسری بار این سی پی کے ٹکٹ پر اسمبلی پہنچے۔