ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد کے سلوڑ تعلقہ میں جشن کا ماحول ہے وجہ صاف ہے حال ہی میں کانگریس سے شیوسینا کا دامن تھامنے والے شیوسینا کے رکن اسمبلی عبدالستار کو ریاستی کابینہ میں مملکتی وزارت ملی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی کابینہ میں جن مسلم چہروں کو جگہ ملی ہے ان کابینی وزرا میں نواب ملک، حسن مشرف، اسلم شیخ شامل ہیں، وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کے اس اقدام کی عوامی حلقوں میں ستائش کی جا رہی ہے، وزیراعلی ادھوٹھاکرے کے اقدامات کو دیکھتے ہوئے عوام میں ان کی مقبولیت کا گراف بڑھتا جا رہا ہے۔
سلوڑ شہر مملکتی وزیر عبدالستار کا گڑھ کہلاتا ہے، عبدالستار مسلسل تیسری مرتبہ اس اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔ عوام میں ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کانگریس سے شیوسینا میں داخلے کے باوجود وہ آسانی سے رکن اسمبلی منتخب ہو گئے اور اب انھیں وزارت بھی مل گئی۔ سلوڑ کے علاوہ اورنگ آباد کے عوام کو امید ہے کہ علاقے کی ہمہ جہت ترقی اب یقینی ہوگی۔
ایک دور تھا جب اورنگ آباد شہر شیوسینا کا گڑھ کہلاتا تھا ایم آئی ایم نے اس رجحان کو غلط ثابت کیا لیکن ادھو ٹھاکرے کا اورنگ آباد شہر سے لگاؤ کسی سے پوشیدہ نہیں اس کے باوجود اورنگ آباد پارلیمانی حلقے کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔ مملکتی وزرا میں شامل عبدالستار اور سندیپان بھومرے دونوں کا تعلق جالنہ پارلیمانی حلقے سے ہے، اس لحاظ سے اورنگ آباد کے شیوسینا حلقوں میں مایوسی دیکھی گئی ہے۔