ممبئی: ممبئی پولیس نے ایک شخص کو مبینہ طور پر جھوٹی شکایت جمع کرانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس شخص نے اپنی جھوٹی شکایت میں کہا تھا کہ ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان شہر میں فسادات بھڑکانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ملزم کی شناخت 36 سالہ افسر خان کے نام کی حیثیت سے ہوئی ہے جسے ایم ڈی افسر بھی کہا جاتا ہے اور اس کے خلاف متعدد جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ حکام اب اس کیس کے سلسلے میں اس کے بھائی اختر کی تلاش میں ہیں۔
تحقیقات کا انکشاف اس وقت ہوا جب بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن کو پوسٹل سروسز کے ذریعے شکایات کے خطوط موصول ہوئے تھے، جس میں ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے وابستہ تقریباً 19 سے 20 افراد کی جانب سے ممبئی کے اندر فسادات یا فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ان الزامات کی سنگینی نے کارروائی کا اشارہ کیا۔
انسداد دہشت گردی اسکواڈ یونٹ نے بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن کے ساتھ مل کر ایک جامع انکوائری شروع کی تو پتہ چلا کہ پی ایف آئی پر الزامات کے تمام خطوط چیمبر پوسٹ آفس کے ذریعے بھیجے گئے تھے۔ ان خطوط کی تحقیقات کے دوران انہوں نے ایک نابالغ کو گرفتار کیا جس کو شکایات کے خطوط بھیجنے پر کام دیا گیا تھا۔ اور اس نے افسر خان کی شناخت ظاہر کی۔
اس کے ساتھ ہی ممبئی کرائم برانچ نے مزید تحقیقات کرتے ہوئے افسر خان کو ٹریک کرنے اور گرفتار کرنے کے لیے تکنیک کا استعمال کیا۔ اب اس شخص کو تعزیرات ہند کی دفعہ 505 (نقصان دہ افواہیں پھیلانا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: 'رہائی منچ بے سہارا، مظلوم لوگوں کی مدد کرتی ہے'
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ممبئی میں ایک شخص نے اپنے پڑوسی پر پی ایف آئی سے وابستہ ہونے کی پولیس میں جھوٹی شکایت درج کروائی تھی۔ تحقیقات کرنے پر شکایت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔