سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی قیادت میں ایڈیشنل کلکٹر دفتر پر راشٹر وادی کانگریس پارٹی نے مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مرکزی حکومت میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالف عوام پالیسی کی وجہ سے دن بدن مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اور ضروری اشیاء کے داموں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس تعلق سے ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ضلع راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف ایڈیشنل کلکٹر دفتر پر آج بروز پیر 17 مئی 2021 کو دوپہر 2 بجے کے درمیان احتجاج کیا گیا اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
اس موقع پر آصف شیخ نے نمائندہ ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پیٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس، تیل، کھاد، اناج وغیرہ کے دام آسمان چھو رہے ہیں اور 2014 سے یہ دام مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ جب یو پی اے سرکار تھی اس وقت شرد پوار وزیر زراعت تھے اس وقت دام کنٹرول میں تھے لیکن آج مرکزی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوگئی ہے۔
آصف شیخ نے کہا کہ ان کے مطالبات یہی ہیں کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول کرے۔ کیونکہ عوام پہلے ہی لاک ڈاؤن اور کورونا وبا سے بے حد پریشان نظر آرہی ہے، ایسے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے لوگ بھوک مری کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے رہنما شرد پوار کے حکم پر بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔